نکاح نامے میں حق مہر کے طور پر لکھی کون سی شرائط کو شوہر پوری کرنے کا پابند ہے؟ ہائیکورٹ نے فیصلہ دے دیا

ملتان (پی این آئی) شادی کے وقت جب حق مہر کی شرائط لکھی گئیں تو ان شرائط میں سے بیوی کے مطالبے پر شوہر کون سی شرائط پوری کرنے کا پابند ہے ؟ اس حوالے سےلاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ نے حق مہر میں لکھے گئے پانچ مرلے کا گھر بیوی کو دینے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے جبکہ فیصلہ کالعدم قرار دینے کی شوہر کی اپیل مسترد کردی ہے۔ اس مقدمے میں مظفر گڑھ کے رہائشی محمد قیوم نے ریحانہ شمس کے ساتھ نکاح نامے میں حق مہر کے خانے میں تین تولے طلائی زیور اور پانچ مرلے کا گھر لکھا اور بعد میں دینے سے انکار کردیا تھا۔
بیوی نے گھر اپنے نام کرانے کیلئے ٹرائل کورٹ سے رجوع کیا جہاں ٹرائل کورٹ نے بیوی کی استدعا منظور کرتے ہوئے فیصلہ اس کے حق میں دے دیا۔شوہر نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ ملتان بینچ میں اپیل دائر کی۔ہائیکورٹ ملتان بینچ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی اور فیصلہ سنایا کہ نکاح نامے میں حق مہر کے خانے میں درج چیزیں بیوی کو دینے کا اگر وقت متعین نہیں تو شوہر بیوی کی ڈیمانڈ پر اسے دینے کا پابند ہے۔جسٹس انوار حسین نے لکھا کہ شوہر حق مہر میں لکھی گئی ہر چیز بیوی کو دینے کا پابند ہے اور حق مہر میں لکھی گئی کسی بھی چیز سے شوہر کواستثنیٰ نہیں دیا جاسکتا۔۔۔۔۔

close