سیلز ٹیکس رولز میں مزید ترامیم ؛ایف بی آرنے نوٹیفکیشن جاری کردیا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے رجسٹرڈ کاروباری مراکز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔

ایف بی آر نے سیلز ٹیکس رولز میں مزید ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے تحت متعلقہ کاروباروں کے لیے پروڈکشن مانیٹرنگ، ویڈیو سرویلنس یا ڈیجیٹل آئی سسٹم نصب کرنا لازم ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے کاروباری مراکز سیل کیے جائیں گے، کاروبار سیل کرنے کے لیے ضرورت پڑنے پر پولیس کی مدد لی جائے گی اور سیل کرنے کا طریقہ کار بھی واضح کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر ان لینڈ ریونیو رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی شروع کر سکے گا، اسسٹنٹ کمشنر یا اس سے اوپر کا افسر تحریری رپورٹ کمشنر کو دے گا، کمشنر انکوائری کے بعد چیف کمشنر کو رپورٹ بھیجے گا اور چیف کمشنر کاروبار سیل کرنے یا نہ کرنے کا تحریری حکم جاری کرے گا۔ کاروباری مقام کا مکمل یا صرف مخصوص حصہ سیل کیا جا سکے گا اور سیل کرنے سے پہلے کاروباری شخص کو حکم کی کاپی دی جائے گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سسٹم ایف بی آر سے منسلک ہونے تک کاروباری مقام سیل رہے گا، سیل شدہ کاروبار کھلوانے کے لیے جرمانہ دینا اور مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنا ہوگا، سسٹم کی تنصیب کے وقت ایف بی آر کی ٹیکنیکل ٹیم موجود ہوگی اور سسٹم نصب ہونے کے بعد کمشنر 3 دن کے اندر سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔ الیکٹرانک مانیٹرنگ کے قواعد مزید کاروباروں اور مینوفیکچررز پر بھی لاگو ہو سکتے ہیں۔