دکاندار آسان ٹیکس اسکیم کی آگاہی مہم تیز کرنے کا فیصلہ، رجسٹریشن نہ کرانے والوں پر مرحلہ وار جرمانے ہوں گے، بلال اظہر کیانی

اسلام آباد، 22 ستمبر: وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت دکاندار آسان ٹیکس اسکیم پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں اسکیم سے متعلق آگاہی مہم تیز کرنے اور دکانداروں کی رجسٹریشن کے عمل کو مزید آسان بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں ملک بھر کے ٹیکس کمشنرز کو مقامی ٹیکس بارز سے رابطے کی ہدایت کی گئی تاکہ دکاندار اپنے قابلِ اعتماد وکلا کی مدد سے بھی رجسٹریشن فارم پُر کر سکیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف بی آر افسران اور تاجر نمائندوں کے مشترکہ بازار دوروں کے لیے مقامی تاجر رہنماؤں کی فہرستیں موصول ہو گئی ہیں۔ تاجر نمائندوں اور ایف بی آر افسران کی جانب سے اپنے متعلقہ علاقوں کے بازاروں میں رجسٹریشن کی حکمتِ عملی پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ تاجر نمائندوں کی مدد سے ہر دکاندار تک آسان ٹیکس اسکیم کی مکمل معلومات پہنچائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تاجروں کے مطالبات پر عمل کرکے اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے، اب دکانداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی ہی تیار کردہ اسکیم کو کامیاب بنائیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ دکانداروں کے پاس ٹیکس جمع کرانے کے دو آپشن موجود ہیں۔ وہ ٹرن اوور کی بنیاد پر مقررہ ٹیکس ادا کرکے آسان ٹیکس اسکیم کا حصہ بن سکتے ہیں یا پرانے طریقۂ کار کے تحت معمول کا انکم ٹیکس گوشوارہ جمع کرا سکتے ہیں۔

تاجر نمائندوں کے ساتھ طے پانے والے نکات کے مطابق ایف بی آر کو دونوں میں سے کوئی بھی آپشن اختیار نہ کرنے والے دکانداروں پر جرمانہ عائد کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔ ایسے دکانداروں کو پہلے مہینے میں 10 ہزار روپے، دوسرے مہینے میں 25 ہزار روپے اور تیسرے مہینے میں 50 ہزار روپے جرمانہ کیا جا سکے گا۔

اسکیم کے تحت رجسٹرڈ دکاندار کی دکان پر سبز پلیٹ نصب کی جائے گی۔ آسان ٹیکس اسکیم کا حصہ بننے والے دکاندار کی دکان میں ایف بی آر کا عملہ داخل نہیں ہو سکے گا اور عمومی طور پر اس کا آڈٹ بھی نہیں ہوگا۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے 15 ستمبر کو اسکیم میں رجسٹر ہونے والے ایک دکاندار کی دکان پر سبز پلیٹ نصب کی تھی۔

اجلاس میں ممبر اسٹریٹجک ٹرانسفارمیشن ڈاکٹر حامد عتیق، ممبر اِن لینڈ ریونیو آپریشنز زبیر بلال، ایف بی آر کے اعلیٰ حکام، جبکہ ملک بھر کے چیف کمشنرز اور کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

حکام کے مطابق آسان ٹیکس اسکیم کا بنیادی مقصد ملک میں ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور دکانداروں کو ٹیکس ادائیگی کے لیے آسان اور شفاف سہولت فراہم کرنا ہے۔