مارکیٹ میں سولر سسٹم میں استعمال ہونے والی لیتھیم بیٹریز کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، مختلف بیٹریز کی قیمتیں 20 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کم ہو گئی ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق آن گرڈ، ہائبرڈ اور آف گرڈ سولر سسٹمز میں استعمال ہونے والی لیتھیم بیٹریز کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے جس سے سولر سسٹم لگوانے والوں کی لاگت میں کمی آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق 5 کلوواٹ لیتھیم بیٹری کی قیمت 2 لاکھ 50 ہزار روپے سے کم ہو کر 2 لاکھ 30 ہزار روپے ہو گئی ہے جبکہ 16 کلوواٹ بیٹری کی قیمت 7 لاکھ 50 ہزار سے کم ہو کر 6 لاکھ 50 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔
لیتھیم بیٹریز کے ساتھ سولر پینلز کی قیمتوں میں کمی کے باعث صارفین کی سولر سسٹم لگوانے میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلی کے بعد بڑی تعداد میں صارفین آف گرڈ اور ہائبرڈ سسٹمز کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں اور بجلی کے متبادل انتظام کیلئے لیتھیم بیٹری اسٹوریج کو سسٹم کا حصہ بنا رہے ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی سے گھریلو اور کاروباری صارفین کیلئے ابتدائی لاگت کم ہوئی ہے جس کے باعث سولر مصنوعات کی طلب میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔






