بجلی ایک ماہ کے لیے مزید 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے، جس سے بجلی صارفین پر اربوں روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا سے جولائی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی ہے، جس پر نیپرا میں آج سماعت ہوگی۔
درخواست کے مطابق جولائی میں ڈیزل سے بجلی کی پیداوار کی لاگت 50 روپے فی یونٹ، درآمدی کوئلے سے بجلی کی پیداواری لاگت 54 روپے 47 پیسے فی یونٹ جبکہ درآمدی ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت 47 روپے 37 پیسے فی یونٹ رہی۔
نیپرا سماعت کے دوران تمام اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ کرے گا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نیپرا نے جون کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخ میں 75 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی، جس کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین پر کیا گیا تھا اور اضافی رقم اگست کے بجلی بلوں میں وصول کی گئی۔
نیپرا کے مطابق جون 2026 میں بجلی کے اصل فیول چارجز 8.4641 روپے فی یونٹ جبکہ ریفرنس فیول چارجز 7.7138 روپے فی یونٹ تھے۔





