وفاقی ٹیکس محتسب نے بجلی صارفین سے متعلق معاملے پر بڑا نوٹس لے لیا ہے۔
وفاقی ٹیکس محتسب نے بجلی کے صارف پر عائد ٹیکس کو کسی دوسرے شخص کے شناختی کارڈ پر منتقل کیے جانے کے معاملے پر ایف بی آر کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
وفاقی ٹیکس محتسب کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو محض ڈیٹا انٹری کی غلطی تک محدود نہیں سمجھا جا سکتا۔ یہ بھی تحقیقات ضروری ہیں کہ کہیں اصل صارف کو ڈیٹا ٹریل سے باہر تو نہیں رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے کنکشن کا مکمل ریکارڈ حاصل کیا جائے تاکہ اصل صارف کی شناخت کی جا سکے۔ اس کے ساتھ یہ بھی معلوم کیا جائے کہ ایک غیر متعلقہ شخص کا شناختی کارڈ بجلی کنکشن کے ساتھ کس طرح منسلک ہوا۔
وفاقی ٹیکس محتسب کے مطابق معاملے کی جامع تحقیقات کی جائیں اور ممکنہ دیگر کیسز کا بھی سراغ لگایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ایک مؤثر نظام وضع کیا جائے۔






