حکومت نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس 17 اگست کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارتِ پارلیمانی امور نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد اجلاس بلانے کی سمری ارسال کر دی ہے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سماء سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سینیٹ کا اجلاس 14 اگست کو شام 4 بجے اور قومی اسمبلی کا اجلاس شام 5 بجے ہوگا۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ پیپلزپارٹی سے اختلافات کی وجہ سے اجلاس بلانے میں رکاوٹ آ رہی ہے۔ اتحادی جماعتوں کے باعث اجلاس بلانے میں کوئی تاخیر نہیں ہو رہی اور حکومت کا کسی بھی اتحادی جماعت سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اتحادیوں اور اپوزیشن سے مشاورت کے بعد ہی اجلاسوں کی تاریخ کا تعین کیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے چیف وہپس سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کی گئی ہیں۔






