پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی الحال کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا، جس کے بعد پاکستان میں پیٹرول 327 روپے 62 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 380 روپے 86 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔
حکومت نے اس سے قبل 10 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 20 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 1 روپے 50 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا۔
17 جولائی کو وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا تھا کہ اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ اوگرا روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا جائزہ لے کر انہیں اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گا۔
20 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 8 مرتبہ کمی اور 7 مرتبہ اضافہ ہوا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 مرتبہ کمی اور 8 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
20 جولائی کو پیٹرول 35 پیسے سستا جبکہ ڈیزل 5 روپے 71 پیسے مہنگا ہوا۔ اس کے بعد 21 سے 24 جولائی تک دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا گیا۔ 25 جولائی کو قیمتیں برقرار رہیں، جبکہ 27 جولائی کو پیٹرول ایک روپے سستا اور ڈیزل 3 روپے 37 پیسے مہنگا ہوا۔
28 جولائی کو دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ 29 جولائی کو پیٹرول 75 پیسے سستا جبکہ ڈیزل 2 روپے 24 پیسے مہنگا کیا گیا۔ 30 جولائی کو ایک بار پھر دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
31 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 12 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی، جو 3 اگست تک برقرار رہی۔
4 اگست کو پیٹرول 4 روپے 08 پیسے جبکہ ڈیزل 2 روپے 45 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا۔ 5 اگست کو پیٹرول کی قیمت میں مزید 3 روپے 39 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 07 پیسے کمی کی گئی۔
تاہم 6 اگست کو پیٹرول 4 روپے 45 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی گئی۔
حکومت کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں، ڈالر کی قدر اور دیگر عوامل کے باعث روزانہ قیمتوں کے تعین کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ ماضی میں ان عوامل کا جائزہ ہر 15 روز بعد لیا جاتا تھا، تاہم نئے نظام کے تحت قیمتوں میں عالمی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کے مطابق زیادہ تیزی سے رد و بدل ممکن ہوگا۔






