پاکستان میں پیٹرول 328 روپے 56 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 385 روپے 86 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔
وفاقی حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی منظوری کے بعد 5 اگست سے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 39 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 07 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔ اس سے قبل 31 جولائی کو پیٹرول 12 پیسے اور ڈیزل 66 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا۔
20 جولائی سے اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 مرتبہ کمی اور 6 مرتبہ اضافہ کیا گیا، جبکہ ایک دن قیمت برقرار رہی۔ دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران صرف 3 بار معمولی کمی ہوئی، جبکہ 8 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق 20 جولائی کو پیٹرول 35 پیسے سستا جبکہ ڈیزل 5 روپے 71 پیسے مہنگا کیا گیا۔ اس کے بعد 21 سے 24 جولائی تک دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا۔ 25 جولائی کو قیمتیں برقرار رہیں، جبکہ 27 جولائی کو پیٹرول ایک روپے سستا اور ڈیزل 3 روپے 37 پیسے مہنگا ہوا۔ بعد ازاں 28، 29 اور 30 جولائی کو بھی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اب روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ اوگرا روزانہ قیمتوں کا جائزہ لے کر اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی۔
حکومت کے مطابق پہلے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں، ڈالر کی قدر اور ٹیکسوں کا جائزہ ہر 15 روز بعد لیا جاتا تھا، تاہم عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں تیزی سے تبدیلیوں کے باعث روزانہ قیمتوں کے تعین کا نظام متعارف کرایا گیا ہے تاکہ مارکیٹ میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔





