//

مہنگائی کا طوفان، چاول، گھی، دالیں اور گوشت مزید مہنگی

لاہور (آئی این پی): پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد لاہور میں مہنگائی کی نئی لہر دیکھنے میں آ رہی ہے، جہاں چاول، گھی، دودھ، دہی، دالیں اور گوشت سمیت متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، جبکہ مرغی، گوشت اور انڈے بھی سرکاری نرخوں سے زائد فروخت کیے جا رہے ہیں۔

مارکیٹ میں چاول 320 سے 640 روپے فی کلو جبکہ گھی اور کوکنگ آئل 490 سے 610 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔ سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت 490 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ 520 سے 530 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ زندہ برائلر بھی مقررہ نرخ سے 25 سے 30 روپے فی کلو مہنگا فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اسی طرح چھوٹے گوشت کا سرکاری ریٹ 1600 روپے فی کلو ہونے کے باوجود مارکیٹ میں اس کی قیمت 2400 سے 2800 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ بڑے گوشت کی سرکاری قیمت 800 روپے فی کلو کے مقابلے میں 1000 سے 1200 روپے فی کلو وصول کیے جا رہے ہیں۔

فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 245 روپے فی درجن ہے، لیکن مارکیٹ میں ایک درجن انڈے 250 سے 255 روپے میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر دستیاب ہو سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close