اسلام آباد (آئی این پی): وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ اوگرا عالمی منڈی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے روزانہ قیمتوں کا تعین کرے گی، جو اوگرا کی ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل اور خصوصاً ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، تاہم حکومت نے عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کے بجائے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹارگٹڈ سبسڈی برقرار رکھی ہے اور اس مقصد کے لیے 130 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم سیکٹر کو مرحلہ وار ڈی ریگولیٹ کر رہی ہے، جبکہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر تیل و گیس کی تلاش بڑھانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں اور ترک پیٹرولیم کمپنی اکتوبر میں تقریباً 20 سال بعد سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے اپنا جہاز پاکستان لائے گی۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت کی بروقت حکمت عملی کے باعث توانائی کی قلت پیدا نہیں ہوئی، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو کھلی چھوٹ نہیں دی جائے گی اور ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور عالمی سطح پر ان کوششوں کو سراہا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






