محدود سپلائی کے باعث مختلف علاقوں میں پیٹرول کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ
ملک کے مختلف علاقوں میں پیٹرول کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، کیونکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے سپلائی محدود کیے جانے کے باعث متعدد پیٹرول پمپوں کو معمول سے کم مقدار میں ایندھن فراہم کیا جا رہا ہے۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سینٹرل پنجاب کے صدر چوہدری نعمان مجید کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرول پمپوں کو تیل کی فراہمی محدود کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آج طلب کے مقابلے میں صرف 50 فیصد پیٹرول فراہم کیا گیا، جبکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کمپنیوں نے سپلائی میں کمی کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محدود سپلائی کے باعث دیہی علاقوں کے تقریباً 90 فیصد اور شہری علاقوں کے 50 فیصد پیٹرول پمپ متاثر ہوئے ہیں، جس سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ کسٹمز کلیئرنس میں تاخیر کے باعث درآمدی تیل کی ترسیل متاثر ہو رہی ہے۔ کمپنیوں نے اوگرا سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کا موجودہ نظام قابلِ عمل نہیں، کیونکہ اس سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں بلکہ عوامی مفاد بھی متاثر ہوتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






