تیل کمپنیوں کا حکومت کو پیٹرول کی ممکنہ قلت سے متعلق انتباہ، فوری مداخلت کا مطالبہ
تیل کمپنیوں نے ملک میں پیٹرول کی ممکنہ قلت کے خدشے کے پیشِ نظر حکومت سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ موجودہ ذخائر صرف تقریباً 15 روز کی ملکی ضرورت پوری کرنے کے لیے کافی ہیں۔
آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے وفاقی وزیر توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) علی پرویز ملک کو ارسال کیے گئے ایک “انتہائی فوری” خط میں کہا ہے کہ ملک میں اس وقت تقریباً 3 لاکھ 70 ہزار میٹرک ٹن موٹر اسپرٹ (پیٹرول) کا ذخیرہ موجود ہے، جو غیر معمولی طور پر کم سطح پر پہنچ چکا ہے۔
تیل کمپنیوں کے مطابق، درآمدی پیٹرول کی کسٹمز کلیئرنس میں تاخیر کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو رہی ہے، جبکہ اگر تین درآمدی پیٹرول کارگو بروقت نہ پہنچے تو ملک میں سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ 66.7 ارب روپے کی عدم ادائیگی کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو شدید مالی دباؤ کا سامنا ہے۔ کمپنیوں کا مؤقف ہے کہ کم ذخائر، درآمدی ایندھن کی کلیئرنس میں تاخیر، طلب میں اضافے اور مالی مشکلات کے باعث پیٹرول کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے، جس سے بچنے کے لیے حکومت کی فوری مداخلت ضروری ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






