دودھ اور دہی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا گیا ، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے شہریوں کے لیے ایک اور پریشان کن خبر سامنے آئی ہے جہاں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیشِ نظر مارکیٹ میں دودھ اور دہی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے پہلے سے ہی معاشی مشکلات کا شکار عوام پر مالی بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع نے بتایا شہر کے مختلف علاقوں میں پاؤڈر اور اوپن مارکیٹ میں دودھ کی قیمت 200 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 220 روپے فی لیٹر تک کر دی گئی ہے۔
اسی طرح دہی کی قیمت میں بھی یکمشت 20 روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد دہی 240 روپے فی کلوگرام سے مہنگا ہو کر 260 روپے فی کلوگرام کی سطح پر فروخت ہو رہا ہے۔
لاہور کے رہائشیوں نے قیمتوں میں اس حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزمرہ کی بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں، جس سے خاندانوں کے لیے اپنے روزانہ کے اخراجات کو سنبھالنا انتہائی مشکل ہو گیا۔
شہریوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے عملی اور سخت اقدامات کیے جائیں اور بنیادی ضروریات زندگی پر عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیری مصنوعات کی قیمتوں میں یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عوام پہلے ہی دیگر اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان ہیں، جس کے لیے مارکیٹ ریگولیشن اور پرائس مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






