اگر آپ کی دکان چھوٹی ہے تو بھی 25 ہزار روپے ٹیکس ادا کرنا ہوگا

اسلام آباد :آل پاکستان انجمن تاجران اور مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی نئی فکسڈ ٹیکس اسکیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے کاروباری برادری کے لیے مثبت اور خوش آئند اقدام قرار دیا ہے۔

آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ اور دیگر عہدیداران نے اپنے ردعمل میں کہا کہ حکومت نے “آسان ٹیکس اسکیم” متعارف کرائی ہے، جو پہلی مرتبہ ایف بی آر کے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر تیار کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری طویل عرصے سے مطالبہ کر رہی تھی کہ ٹیکس گوشواروں کا نظام سادہ بنایا جائے کیونکہ ماضی میں فارم اس قدر پیچیدہ ہوتے تھے کہ پڑھے لکھے افراد کے لیے بھی انہیں پُر کرنا مشکل تھا۔

اجمل بلوچ نے کہا کہ نئی اسکیم کے تحت پہلی بار پانچ مختلف زبانوں میں ٹیکس فارم تیار کیا گیا ہے، جس سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجروں کو سہولت ملے گی۔ انہوں نے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور معاشی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجر ٹرن اوور کی بنیاد پر ایک فیصد ٹیکس ادا کریں گے جبکہ اس اسکیم کے تحت گوشوارے جمع کرانے والوں کی دکانوں پر ایف بی آر کے نمائندے بھی نہیں جائیں گے۔

دوسری جانب مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چودھری نے بھی فکسڈ ٹیکس اسکیم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریٹیل سیکٹر پر ہمیشہ یہ الزام عائد کیا جاتا تھا کہ وہ ٹیکس نیٹ کا حصہ نہیں، حالانکہ تاجر مختلف مدات میں متعدد ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے پیچیدہ نظام کی وجہ سے چھوٹے تاجر گوشوارے جمع کرانے سے گریز کرتے تھے، تاہم نئی اسکیم کے تحت یہ عمل آسان ہو جائے گا۔

کاشف چودھری نے کہا کہ حکومت اور تاجر تنظیموں کے درمیان اس حوالے سے متعدد اجلاس ہوئے، جن میں بارہا سادہ اور آسان ٹیکس گوشواروں کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ نئی اسکیم کے تحت دکاندار سے 25 ہزار روپے ٹیکس وصول کیا جائے گا اور توقع ہے کہ زیادہ سے زیادہ تاجر رضاکارانہ طور پر ٹیکس گوشوارے جمع کرائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت تاجروں سے باعزت انداز میں ٹیکس وصول کرے گی تو اعتماد کی فضا قائم ہوگی اور محصولات میں بھی اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے حکومت آئندہ بجٹ میں طے شدہ فکسڈ ٹیکس نظام کا باضابطہ اعلان کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close