کراچی: شہر کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئی ہیں۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر مختلف علاقوں میں آپریشن کیا گیا، جس کے دوران متعدد ذمہ داران کو گرفتار کر کے ان کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کر دی گئی ہیں۔
کمشنر کراچی نے کہا ہے کہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے باعث شہر میں صفائی کا نظام متاثر ہو رہا تھا جبکہ ٹریفک کے شدید دباؤ کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز پولیس کی مدد سے ان منڈیوں کے خاتمے کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں۔
شاہ فیصل کالونی میں غیر قانونی مویشی منڈی قائم کرنے پر ذمہ دار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ضلع وسطی میں پیالہ ہوٹل کے قریب قائم منڈی کو ایک بار پھر ختم کر دیا گیا، جبکہ صبا سینما، عیسیٰ نگری اور سنگو لین کے قریب قائم منڈیاں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔
ضلع کورنگی میں مخدوم سوسائٹی، کورنگی نمبر 5، ناصر جمپ، نیو ٹاؤن، چکرا گوٹھ اور دیگر مقامات سے غیر قانونی منڈیاں ہٹا دی گئی ہیں۔
ضلع کیماڑی میں ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ پر قائم بڑی غیر قانونی منڈی کا بھی خاتمہ کر دیا گیا، جس سے ہاکس بے جانے والی سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی۔
انتظامیہ کے مطابق شہر بھر میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






