لاہور،پشاور: لاہور میں برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 490 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں گوشت 510 سے 520 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ برائلر گوشت کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ دوسری جانب فارمی انڈوں کا سرکاری ریٹ 230 روپے فی درجن مقرر ہے۔ تاہم اوپن مارکیٹ میں انڈے 240 سے 245 روپے فی درجن فروخت ہو رہے ہیں۔ ادھر پشاور کی پولٹری مارکیٹ میں چکن کی قیمت میں اتار چڑھائو کا سلسلہ جاری ہے، ہفتہ کو زندہ مرغی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔سرکاری نرخنامے کے مطابق پشاور میں زندہ مرغی کا ریٹ 385 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ روز زندہ مرغی کی قیمت 395 روپے فی کلو تھی۔ اس طرح ایک دن کے دوران زندہ مرغی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کمی سامنے آئی ہے۔ سرکاری نرخنامے کے مطابق پشاور میں انڈوں کی قیمت 200 روپے سے 220 روپے فی درجن تک مقرر کی گئی ہے۔ مارکیٹ میں دکانداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری نرخنامے کے مطابق ہی چکن اور انڈے فروخت کریں۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی طلب و رسد، ٹرانسپورٹ اخراجات اور مارکیٹ صورتحال کے باعث ہوتی ہے۔ اگر سپلائی بہتر رہے تو آنے والے دنوں میں قیمتوں میں مزید کمی کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






