مویشی منڈیاں بند کرنے کا حکم

لاہور:   عیدالاضحی کے انتظامات کے سلسلے میں محکمہ لوکل گورنمنٹ نے جامع گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ گائیڈ لائنز کے مطابق اتوار تک پنجاب بھر میں عارضی کیٹل سیل پوائنٹس مکمل طور پر فعال کر دیئے جائیں گے جبکہ غیر قانونی مویشی منڈیوں اور سڑک کنارے جانوروں کی فروخت کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ نے ہدایت کی ہے کہ عید کے ایام میں تمام لوکل گورنمنٹ دفاتر کے عملے کی چھٹیاں منسوخ رہیں گی تاکہ صفائی اور دیگر انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ گائیڈ لائنز میں کہا گیا کہ شہریوں کو بائیو ڈیگریڈیبل ویسٹ بیگز کی بروقت فراہمی اور تقسیم یقینی بنائی جائے گی جبکہ ہر یونین کونسل میں آگاہی کیمپس بھی لگائے جائیں گے۔ حکام کے مطابق مرکزی اور ضلعی سطح پر کنٹرول رومز فعال کیے جائیں گے تاکہ شکایات اور ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ گائیڈ لائنز میں واضح کیا گیا کہ آلائشیں سڑکوں یا نالوں میں پھینکنے والوں کو جرمانے کیے جائیں گے جبکہ نوٹیفائیڈ سیل پوائنٹس کے علاوہ کہیں بھی جانوروں کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی ہوگی۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ہر سیل پوائنٹ پر پارکنگ، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close