وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ربیع فصل 26-2025 کے لیے گندم کی خریداری کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ 9 لاکھ 73 ہزار 900 میٹرک ٹن کے ہدف کے مقابلے میں اب تک صوبے بھر میں 1,061.600 میٹرک ٹن گندم خریدی جا چکی ہے اور اس عمل کو تیز کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے محکمہ خوراک کو ہدایت دی کہ ڈی اے پی کھاد اور یوریا جیسی بنیادی زرعی اشیاء پر سبسڈی حاصل کرنے والے چھوٹے کاشتکاروں کی معاونت پر توجہ دی جائے اور بھرپور مہم کے ذریعے ہدف حاصل کیا جائے۔
یہ اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، جام خان شورو، مکیش کمار چاؤلہ، مخدوم محبوب الزماں، سردار محمد بخش خان مہر، مشیر گیان چند اسرانی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سیکریٹری وزیراعلیٰ آصف جمیل، سیکریٹری زراعت زمان ناریجو، سیکریٹری خوراک غلام عباس نائچ، چیف ایگزیکٹو آفیسر سندھ بینک اسد علی شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ صوبائی کابینہ نے رواں فصل کے لیے گندم کی خریداری کا ہدف 10 لاکھ میٹرک ٹن مقرر کیا ہے جس کی امدادی قیمت 3,500 روپے فی 40 کلوگرام رکھی گئی ہے۔ پالیسی کے تحت خریداری صرف ان کاشتکاروں سے کی جا رہی ہے جنہوں نے سندھ ویٹ گروورز سپورٹ پروگرام کے تحت سبسڈی پر ڈی اے پی کھاد حاصل کی۔
مراد علی شاہ نے خریداری کے عمل میں شفافیت اور کارکردگی پر زور دیتے ہوئے محکمہ خوراک کو ہدایت دی کہ طریقہ کار کو بہتر بنایا جائے اور کسانوں کو بروقت ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ اپنے بار دانہ (تھیلے) استعمال کرنے والے کاشتکاروں کو مقررہ شرح کے مطابق ادائیگی کی جائے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو۔
وزیر خوراک مخدوم محبوب نے ضلع وار گندم خریداری پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں مجموعی ہدف کے مقابلے میں سست رفتار کی نشاندہی کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ 9 لاکھ 73 ہزار 900 میٹرک ٹن کے ہدف کے مقابلے میں اب تک صرف 1,061.600 میٹرک ٹن گندم خریدی گئی ہے تاہم خریداری کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے۔
ضلع وار تفصیلات کے مطابق جامشورو میں نسبتاً بہتر کارکردگی رہی جہاں 23,150 میٹرک ٹن ہدف کے مقابلے میں 450 میٹرک ٹن خریداری کی گئی جبکہ عمرکوٹ (122.60 میٹرک ٹن)، بدین (74.40 میٹرک ٹن)، سانگھڑ (63.10 میٹرک ٹن) اور میرپورخاص (45.50 میٹرک ٹن) میں بھی خریداری ہوئی۔
درمیانی سطح کی خریداری ٹھٹھہ (34 میٹرک ٹن)، ٹنڈو محمد خان (35 میٹرک ٹن)، حیدرآباد (28 میٹرک ٹن) اور نوشہروفیروز (34 میٹرک ٹن) سے رپورٹ ہوئی۔
صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ خریداری کے عمل کو فوری طور پر تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ رفتار تسلی بخش نہیں، تمام اضلاع اپنے خریداری نظام کو فعال کریں اور ہدف بروقت حاصل کریں۔
انہوں نے کم کارکردگی والے اضلاع پر خصوصی توجہ دینے اور سخت نگرانی و احتساب کے اقدامات کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ضلعی سطح کی نااہلی کو مجموعی حکمت عملی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
اجلاس کو اوپن مارکیٹ میں گندم کی موجودہ قیمتوں پر بھی بریفنگ دی گئی، جو صوبے میں خریداری کے رجحانات کو متاثر کر رہی ہیں۔ فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں فی 40 کلو گندم کی قیمت تقریباً 3,400 روپے، جبکہ حیدرآباد اور سکھر میں 3,340 روپے رہی۔
اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ مارکیٹ کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے اور گندم کی غیر قانونی نقل و حمل اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مارکیٹ کے استحکام اور مسابقتی خریداری نظام کو یقینی بنانا ہدف کے حصول اور کسانوں و صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔
مراد علی شاہ نے حکام کو ہدایت دی کہ خصوصاً چھوٹے کاشتکاروں تک رسائی بڑھائی جائے اور خریداری میں حائل عملی رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خریداری کا ہدف حاصل کرنا نہ صرف کسانوں کی معاونت بلکہ صوبے میں غذائی تحفظ اور قیمتوں کے استحکام کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
مارکیٹ کے استحکام کو یقینی بنانا
مراد علی شاہ نے گندم کی منڈیوں کو مستحکم کرنے اور صوبے میں وافر ذخائر کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے مختلف محکموں کے درمیان مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ گندم کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ زراعت حکومت کی ترجیحی شعبہ ہے اور کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور عوام کے لیے غذائی تحفظ یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر خوراک مخدوم محبوب نے اجلاس کو بتایا کہ خریداری کا عمل جاری ہے اور کسانوں تک رسائی بڑھانے اور مقررہ اہداف حاصل کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






