گزشتہ 5 سال میں پاکستان میں 300 ارب ڈالر آئے، ہم دو ارب ڈالر کیلئے آئی ایم ایف کے آگے مجبور ہیں، بڑا انکشاف

اسلام آباد(آئی این پی) سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کو اگلے 10 سال کیلئے جی ایس پی پلس کی سہولت مل جائے گی۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ ملک پولرائزیشن کا شکار ہے، عدلیہ میں بھی تقسیم پیدا ہو رہی ہے، موجودہ صورتحال میں سب کو مثبت کردار ادا کرنا چاہیے، بدقسمتی سے جو سیاست میں گالیاں نہ دے وہ جماعت میں نہیں رہ سکتا۔

مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری سرور نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں گالم گلوچ کے کلچر کا سدباب ہونا چاہئے، گزشتہ 5 سال میں پاکستان میں 300 ارب ڈالر آئے، اس کے باوجود ہم دو ارب ڈالر کیلئے آئی ایم ایف کے آگے مجبور ہیں، رئیل اسٹیٹ شعبہ پاکستان کا تمام قرضہ اتارنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس احسن بختاوری نے کہا کہ معاشی بحران سے نکلنے کیلئے سیاسی جماعتیں میثاق معیشت پر متفق ہوں، چودھری محمد سرور سیاسی جماعتوں میں میثاق معیشت کیلئے کردار ادا کریں، بزنس کمیونٹی کیلئے بھی پارلیمنٹ میں نشستیں مخصوص کی جائیں،سینئر نائب صدر فواد وحید نے کہا خسارے میں چلنے والے اداروں میں فوری اصلاحات کی جائیں، کاروباری طبقے کیلئے بروقت فیصلے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ظفر بختاوری نے کہا حکومت سالانہ ایک ہزار ارب خسارے کا شکار اداروں پر خرچ کرتی ہے، حکومت خسارے والے اداروں کو بڑے بزنس گروپس کے حوالے کرے۔

close