وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے اعزاز میں الوداعی تقریب، اعلیٰ بیوروکریسی نے خدمات اور انکساری کو سراہا

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے اعزاز میں چیف سیکرٹری خوشحال خان کی جانب سے ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آزاد کشمیر حکومت کے تمام سیکرٹری صاحبان اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ تقریب میں وزیراعظم کی مختصر مدت کے دوران ریاستی امور، ادارہ جاتی رابطہ کاری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا گیا۔

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تو چیف سیکرٹری خوشحال خان، سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن چوہدری امتیاز اور دیگر سیکرٹری صاحبان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کیے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے چیف سیکرٹری خوشحال خان اور تمام سیکرٹری صاحبان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری امور کی مؤثر انجام دہی میں سول بیوروکریسی کا کردار انتہائی اہم ہے۔ مختصر مدت کے دوران حکومت اور بیوروکریسی نے باہمی تعاون، ٹیم ورک اور بہترین ورکنگ ریلیشن شپ کے ذریعے عوامی مسائل کے حل اور ریاستی امور کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے ہمیشہ اداروں کے درمیان بہتر روابط، باہمی احترام اور میرٹ پر مبنی فیصلہ سازی کو ترجیح دی۔ حکومت کی کامیابی دراصل پوری ٹیم کی کامیابی ہوتی ہے، اسی لیے وہ چیف سیکرٹری، تمام سیکرٹری صاحبان اور دیگر افسران کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مشکل حالات میں حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ عہدے اور ذمہ داریاں عارضی ہوتی ہیں لیکن ریاست اور عوام کی خدمت کا جذبہ ہمیشہ قائم رہنا چاہیے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ریاستی اداروں کے تسلسل، گڈ گورننس اور عوامی خدمت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں۔

وزیراعظم نے چیف سیکرٹری خوشحال خان اور تمام سیکرٹری صاحبان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کے سفر میں ان کا تعاون ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

چیف سیکرٹری خوشحال خان نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مختصر مدت میں ریاستی امور کو بہتر بنانے، مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مضبوط کرنے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو تحائف اور یادگاری سووینئر پیش کیے گئے۔ وزیراعظم نے اعلیٰ بیوروکریسی کے ساتھ طعام بھی کیا، جس کے دوران ہلکی پھلکی گفتگو کا سلسلہ جاری رہا اور تقریب کا ماحول خوشگوار اور یادگار بن گیا۔

تقریب کے شرکاء نے اس امر کو خصوصی طور پر سراہا کہ ایک بڑے منصب پر فائز رہنے کے باوجود فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے ساتھیوں اور اعلیٰ سرکاری افسران کے ساتھ جس انکساری، شائستگی اور خلوص کا مظاہرہ کیا، وہ ان کے اعلیٰ ظرف کی عکاسی کرتا ہے۔

آخر میں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے چیف سیکرٹری خوشحال خان اور سیکرٹری صاحبان کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔ یوں باہمی احترام، تعاون اور خوشگوار یادوں سے بھرپور ایک تقریب کے ساتھ حکومتی و انتظامی رفاقت کا ایک یادگار عہد اپنے اختتام کو پہنچا۔