وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق سے صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ محمد سجاد خان ایڈووکیٹ کی قیادت میں وفد کی ملاقات

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ محمد سجاد خان ایڈووکیٹ کی قیادت میں وفد نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی. اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر کرنل(ر) وقار احمد نور بھی موجود تھے۔وفد میں نائب صدر سپریم کورٹ بار سردار جاوید اعظم ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری حلیم اعظم ایڈووکیٹ،جائنٹ سیکرٹری جمشید احمد ایڈووکیٹ،سردار ظریف اسلم ایڈووکیٹ، نذر حسین نذر ایڈووکیٹ، محمد خالد نقشبندی ایڈووکیٹ اور خواجہ عامر رسول بٹ ایڈووکیٹ شریک تھے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء ہمارے معاشرے کی طاقت ہیں۔ ریاست کے نظام کی مضبوطی اور اداروں کو مستحکم کرنے میں وکلاء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے. بددیانتی اور کرپشن کو جڑ سے ختم کا تہیہ کر رکھا ہے.ہم نے مل کر اس نظام میں بہتری لانے کیلئے کوشش کرنی ہے. وزیراعظم نے کہا کہ وکلاء کو باوقار مقام دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے. وزیراعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ بار،ہائی کورٹ بار، ڈسٹرکٹ بار اور دیگر بارز پر مشتمل ایک جائنٹ ایکشن کمیٹی بنائیں جس میں تمام بارز کی نمائندگی ہو۔کمیٹی کی سفارشات پر تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہو سکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ وکلاء کو صحت کی سہولیات سمیت دیگر تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے. وزیراعظم نے کہا کہ وکلاء کا حق ہے کہ وہ حکومت پر تنقید کریں کسی کی بھی بددیانتی کو سامنے لائیں. اس سے بہتری لائی جا سکتی ہے. وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے. انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات اور تعلیم پر زیادہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں تا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے. انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات کے لئے بجٹ میں اضافہ کیا ہے تا کہ ادویات کی بروقت فراہمی ممکن ہو سکے. اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں گڈگورننس،میرٹ،قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی کیلئے وکلاء حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون اور حمایت کریں گے. اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے سپریم کورٹ بار کے وفد کے ہمراہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر کیک کاٹا. سینئر موسٹ وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور، وزیر خزانہ عبدالماجد خان،سیکرٹری اطلاعات انصر یعقوب بھی اس موقع پر موجود تھے۔۔۔

close