مظفر آباد، آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کنگ عبداللہ کیمپس کا افتتاح ستمبر میں، صدر آزاد کشمیر کی سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات

اسلام آباد ( پی این آئی) آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کنگ عبداللہ کیمپس چھتر کلاس مظفرآباد کا افتتاح اگلے ماہ ستمبر میں کر دیا جائے گا۔ اس کا افتتاح سعودی حکومت کے ایک اہم نمائندے کریں گے۔ اس بات کا فیصلہ آج یہاں اسلام آباد میں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کے درمیان سعودی سفارتحانے میں ہونے والی ایک اہم اور تفصیلی ملاقات میں کیا گیا۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے تقریباً دس عرب روپے آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کنگ عبداللہ کیمپس چھتر کلاس مظفرآباد کی عمارت کے لیے اور ساڑھے تین عرب روپے مختلف شعبہ جات کے آلات اور مشینری کے لیے مہیا کیے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی عرب کی حکومت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا کہ جہاں سعودی حکومت نے کنگ عبداللہ کیمپس چھترکلاس کی عمارت کے لیے دس عرب روپے مہیا کیے وہاں پر ساڑھے تین عرب روپے سے زائد رقم مختلف شعبہ جات کے آلات اور مشینری کے لیے بھی مہیا کیے جس پر ہم سعودی حکومت کے انتہائی مشکور ہیں۔ اس موقع پر اس امر کا بھی اعادہ کیا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کنگ عبداللہ کیمپس چھتر کلاس مظفرآباد کا افتتاح اگلے ماہ ستمبر میں سعودی حکومت کے اہم نمائندے یہاں آکر خود کریں گے۔

آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کنگ عبداللہ کیمپس چھتر کلاس کی عمارت میں مختلف اکیڈمک بلاک، تدریسی شعبہ جات، لائبریری، لیب، سپورٹس سنٹر، طلبہ و طالبات کے ہاسٹل، ایڈمنسٹریٹو بلاک، آڈیٹوریم اور دیگر شعبہ جات بھی قائم کیے گئے ہیں۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں بطور چانسلر اس چیز کو یقینی بناؤں گا کہ یونیورسٹی کے معیار کو دنیا کی کسی بھی بہترین یونیورسٹی کے معیار کے مطابق لایا جائے اور اس میں جتنی بھی بہتری آئے وہ سعودی عرب کی حکومت کی مرحون منت ہو گی۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کو مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر بھی بریفنگ دی۔ جبکہ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ۔۔۔

close