یسین ملک کو بھارت جھوٹے اور فرضی مقدمے میں سزا دینا چاہتا ہے، آزاد جموں و کشمیر کے وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد نےپاکستان کی قومی قیادت سےکشمیر کے حوالے سے کل جماعتی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد (پی آئی ڈی)آزاد جموں و کشمیر کے وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی قومی قیادت کشمیر کے حوالے سے کل جماعتی کانفرنس بلائے۔مودی نے مسئلہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلیے تسلسل کے ساتھ اقدامات کئے ہیں جن کو ناکام بنانے کیلئے ہمیں بھی ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے۔یسین ملک کو بھارت جھوٹے اور فرضی مقدمے میں سزا دینا چاہتا ہے۔

 

بھارٹ نے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا رکھا ہے جہاں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔مودی انتہا پسند ہے وہ کشمیریوں کا قاتل ہے ہمیں اس سے کوئی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔میرواعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ سے کہا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر جلد کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد کریں۔وزیر حکومت نے ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر لبریشن سیل میڈیا ونگ کے زیر اہتمام ممتاز کشمیری رہنماؤں میرواعظ مولانا محمد فاروق شہید اور خواجہ عبدالغنی شہید کے یوم شہادت کی مناسبت سے منعقدہ برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم 1948 سے اس مسئلے کو لے کر آگے چل رہے ہیں ہمیں بین الااقوامی میڈیا کو اس جانب راغب کرنا ہو گا دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے ہو گا اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی ایک منظم مہم چلانا ہو گی۔

 

انہوں نے کہا کہ جب تک ہم اپنے گریبان میں نہیں جھانکیں گے اور حکمت عملی کو تبدیل نہیں کریں گے نتیجہ نہیں نکلے گا کیونکہ اب ہمارا مقابلہ نہرو یا واجپائی سے نہیں ہندو انتہا پسند مودی سے ہے جو کشمیر میں خون کی ہولی کھیلتا ہے۔انہوں نے کہا پوری دنیا کرونا کے خلاف اقدامات کر رہی تھی ایسے وقت میں بھارت نے 5 اگست کا اقدام کر ڈالا۔انہوں نے کہا حریت قیادت ہمیں گائیڈ کرے میں پوری ذمہ داری کے ساتھ کہتا ہوں کہ آپ کی تجاویز پر عمل درآمد ہو گا۔میں آج دنیا کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ایک جانور کی ہلاکت پر وہ متحرک ہو جاتی ہے بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام پر وہ کیوں اپنی خاموشی نہیں توڑتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا وکیل ہے ایسے میں ہم اس سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ جاندار انداز میں اس معاملے کو آگے بڑھائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی جملہ سیاسی قیادت کی جانب سے یقین دلاتا ہوں کہ ملکر فیصلہ کریں کیا کرنا ہے ملکر آگے بڑھیں گے مہاجرین ہمارے بھائی ہیں وقتا فوقتاً ان کے حالات کو بہتر بنانے کیلیے کام کرنا ہو گا بیس کیمپ کی حکومت کو بھی اس اہم معاملے پر سب کو ساتھ لیکر موثر اقدامات کرنا ہونگے۔پاکستان کی قیادت سے کہتا ہوں کہ کشمیر کے معاملے پر ایک کل جماعتیں کانفرنس بلائی جائے کیونکہ یہ وقت ہے کہ جیلوں میں قید کشمیری قیادت کو بچانے کیلیے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔21 مئی کے دن میرواعظ محمد فاروق جو شہید کیا گیا،خواجہ عبدالغنی لون کو جو ان کی برسی کی تقریب میں شریک تھے انہیں بھی شہید کیا گیا انہوں نے کہا کہ خواجہ عبدالغنی لون کے ساتھ کئی ملاقاتیں ہوئیں مظفرآباد میں ملاقات کے دوران انہوں نے مجھے کہا تھا کہ میں زندہ نہیں رہونگا۔

 

کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر فاروق رحمانی نے شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ میرواعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کی قربانیاں رائگاں نہیں جائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب بھارت کو کشمیر سے جانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہم سب کو اس جانب متوجہ ہونا ہو گا جو کچھ ماضی میں ہوا اس سے سبق حاصل کیا جائے۔مقبول بٹ،افضل گرو کو شہید کیا گیا اشرف صحرائی کو دوران حراست شہید کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کے ارکان اسمبلی کو اہم کردار ادا کرنا ہو گا کشمیر میں یسین ملک پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے ہندوستان کی مودی حکومت کشمیری حریت پسندوں کو تختہ دار تک لے جانا چاہتی ہے اس لئے ہمیں ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں جنہیں دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔حریت رہنماء سید فیض نقشبندی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ کشمیریوں کے ممتاز دینی و سیاسی رہنماء میرواعظ محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون اور شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ میرواعظ خاندان کا کشمیریوں کیلیے دینی اور سیاسی خدمات انجام دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرواعظ خاندان کشمیر کے اندر ہمیشہ الحاق پاکستان کا حامی رہا ہے یہی وجہ ہے کہ بھارتی ایجنٹوں نے میرواعظ کو شہید کیا۔بھارتی فوج نے حبل کے مقام پر میرواعظ کے جنازے میں شرکت کرنے والوں پر فائرنگ کی اور 72 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ایجنٹوں نے میرواعظ کی برسی کی تقریب میں شرکت کرنے والے خواجہ عبدالغنی کو بھی شہید کیا بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں نو لاکھ فوج تعینات کر رکھی ہے بھارتی فوج نے ایک لاکھ کشمیریوں کو شہید کیا ہے ہزاروں قید ہیں ہزاروں لاپتہ ہیں اظہار رائے پر پابندی ہے وہاں کوئی قانون نہیں ہے بھارتی فوج نے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔

 

یسین ملک،شبیر احمد شاہ،ں عیم احمد خان آسیہ اندرابی سمیت کئی حریت رہنماء پابند سلاسل ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بھارت کو کشمیر سے جانا ہو گا اور کشمیریوں کی جدوجہد کامیابی سے ہم کنار ہو گی۔ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین محمود احمد ساغر نے کہا کہ بنیادی طور پر مجھے بھی بات آزاد کشمیر کی ہی کرنی ہے یسین ملک کے خلاف بھارت مقدمہ چلا رہا ہے یہ غداری کا کیس ہے بھارت کا مقصد کشمیری قیادت کو راستے سے ہٹانا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کو سیریس اقدامات کرنا ہونگے مسئلہ کشمیر متنازعہ ہے کیونکہ ہمارا کیس اقوام متحدہ میں ہے اس لئے یہ مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر کے معاملے پر حکومت اپوزیشن سب ایک ہے ہمیں بھی اسی طرح ایک ہونا ہو گا تب جا کر کامیابی ملے گی۔

 

حریت رہنماء الطاف وانی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوے شہداء کشمیر خاص کر مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی طور پر یسین ملک کو سزا دینے کے بھارتی اقدام کے خلاف موثر مہم چلانے کی ضرورت ہے ہمیں اس کو سیریس لینے کی ضرورت ہے بھارت ہمیں الجھا رہا ہے حد بندی کے معاملے پر بھی بھارت نے یکطرفہ اقدام کیا یہ بھی خطرناک ہے ہمیں اس طرح کے اقدامات کے خلاف سیریس اقدامات کرنا ہونگے آزاد کشمیر کے حکمرانوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ ملکر مظفرآباد میں بیس ہزار کا مجمع جمع کیا جائے تاکہ عالمی سطح پر کوئی ہل چل ہو۔

 

حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ 21 مئی کو ہم ہر سال شہداء کشمیر بالخصوص مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبد الغنی لون کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جب تک ہندوستان جموں و کشمیر سے بے دخل نہیں ہوتا اور جب تک کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق حق خودارادیت حاصل نہیں ہوتا یہ جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ اس تحریک میں عام لوگوں،خواتین،طلباء اور نوجوانوں کا ایک کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں آدھی بیوہ کی ٹرم رائج ہوئی لوگوں کی بڑی قربانیاں ہیں لوگوں نے شہادتیں دی ہیں اگر چہ بھارت کی یہ کوشش رہی ہے کہ اس تحریک کو کمزور کیا جائے مگر بھارت کی یہ سازشیں ناکام ہوئیں۔اسظرح یہ بات بھی سامنے آئی کہ بھارت کی تمام چیرہ دستیاں ناکام ہو چکی ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ اکیس مئی کا دن اپنے شہداء کو یاد کرنے کا دن ہے اس دن کو فراموش نہیں کیا جا سکتا بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کا جینا مشکل بنا دیا ہے انسانوں کی بینائی چھین جا رہی ہے جھوٹے مقدمات میں قائدین کو عام لوگوں کو قید کیا جا رہا ہے جس کا مقصد تحریک میں شامل لوگوں کو ڈرانا ہے تاکہ انہیں باز رکھا جا سکے مگر بھارت کو اس میں ناکامی ہوئی ہے۔اس تعزیتی ریفرنس میں یہ عہد کرنا ہو گا کہ حکومتی،انفرادی اور تنظیمی سطح پر یہ عہد کرنا ہو گا کہ ہم اس تحریک کی کامیابی تک ڈٹے رہیں گے۔سیکرٹری جموں و کشمیر لبریشن سیل خواجہ اعجاز احمد لون نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ کشمیری عوام کو بھارت غلام نہیں رکھ سکتا انہوں نے کہا کہ بھارت کے حد بندی کمیشن نے جو رپورٹ پیش کی ہے کشمیری عوام نے اسے مسترد کر دیا ہے کشمیریوں پر بھارتی فوج کا ظلم دن بدن بڑھ رہا ہے کشمیریوں پر جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں ابھی حال ہی میں یسین ملک پر جھوٹا مقدمہ قائم کیا گیا کشمیری ایسے مقدمات کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کشمیر لبریشن سیل کا درجہ بڑھا کر اسے کمیشن بنا دیا ہے اب یہ ادارہ تحریک آزادی کیلیے زیادہ بڑھ چڑھ کر اقدامات کرے گا۔انہوں نے میرواعظ محمد فاروق اور خواجہ عبد الغنی لون کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کے میڈیا کنسلٹنٹ ارشاد محمود نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ میرواعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبد الغنی لون کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ میرواعظ نے مہاراجہ کے دور میں تدریسی خدمات انجام دیں انہوں نے پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کی محبت اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کا تعلق انتہائی گہری ہے دونوں قائدین نے الحاق پاکستان کیلیے بہترین مہم چلائی۔خواجہ عبدلغنی لون کیساتھ کئی نشستیں ہیں میں نے انہیں بہت دور اندیشی پایا۔انہوں نے بھارت کے انتہا پسندی کے امکانات کا اظہار کیا تھا بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رہا ہے جس کے خلاف انتہائی تسلسل کے ساتھ جاندار مہم کی ضرورت ہے۔انہوں نے یسین ملک کے خلاف بے بنیاد مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔پاکستان کو کشمیر پر جارحانہ انداز میں بات کرنا ہو گی وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور حنا ربانی کھر کو اس اہم معاملے پر موثر انداز میں لابنگ کرنا ہو گی۔

close