وزیراعظم آزاد کشمیر کا کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں ہیلی کاپٹر کے حادثے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر افسوس

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کانگو میں اقوام متحدہ کی امن مشن میں خدمات سر انجام دینے والے پاک فوج کے ایوی ایشن یونٹ کے ہیلی کاپٹر کے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جس میں پاک فوج کے 6 افسر و جوان شہید ہو گئے۔اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاک فوج کے ایوی ایشن یونٹ کے کانگو میں حادثے پر دل بہت افسردہ ہے۔

انہوں نے پاک فوج کے افسران و معاون سٹاف کی شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے پاک فوج کے شہید افسران و معاون سٹاف کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوے دعا کی اللہ پاک شہید افسران و معاون سٹاف کے درجات سربلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ پاک فوج دنیا میں امن کے لیے بے مثال خدمات سرانجام دے رہی ہے، پاکستان کی افواج نے دنیا میں امن مشن کے لیے بے مثال قربانیاں دیں جو ناقابلِ فراموش ہیں۔۔

دریں اثناء وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کانگو ہیلی کاپٹر حادثے میں سابق وزیراعظم راجہ ممتاز حسین راٹھور کے داماد کرنل آصف علی اعوان کی ساتھیوں سمیت شہادت پر ان کے برادر نسبتی پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری قانون ساز اسمبلی کے رکن راجہ فیصل ممتاز راٹھور سے تعزیت کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے ان کے بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔۔۔۔

close