راجہ فاروق حیدر مسلم لیگ ن کی واضح شکست دیکھ کر دھاندلی کا واویلا کر رہے ہیں، بیرسٹر سلطان محمود کی پریس کانفرنس

اسلام آباد (پی این آئی) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات منصفانہ اور شفاف ہونے چاہیے تاکہ وہاں پر ایک ایسی حکومت قائم ہو جوعوامی حمایت سے منتخب ہوکیونکہ عوامی حمایت کی حامل حکومت ہی عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو بہتر انداز میں اٹھا سکتی ہے۔فاروق حیدر پی ٹی آئی کی فتح کو دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔آزاد کشمیر کے عوام عمران خان کے ویژن کے مطابق پی ٹی آئی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں۔فاروق حیدر خود دھاندلی کی پیداوارہیں اور 2016ء کے انتخابات میں کشمیر کونسل کے فنڈ کے ذریعے نواز شریف نے عوام کے حق رائے دہی پر شب خون مارا تھا۔ آزاد کشمیر اب کشمیر کونسل کے پاس اس طرح کے فنڈز نہیں اور پاکستان کی طرح الیکشن سے تین ماہ قبل آزاد کشمیر میں عبوری حکومت قائم نہیں ہوتی بلکہ آزاد کشمیر میں موجود حکومت آخری دن تک قائم رہتی ہے اس طرح اصول کے تحت راجہ فاروق حیدر آخری دم تک وزیراعظم رہیں گے لہذا وہ کس منہ سے دھاندلی کی بات کر رہے ہیں۔ وہ خود ریاست کے وزیراعظم ہیں تمام اختیارات تو ان کے پاس ہیں وزیراعظم راجہ فاروق حیدر مسلم لیگ ن کی واضح شکست دیکھ کر دھاندلی کا واویلا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں ملکی، غیر ملکی پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کی ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ آزاد حکومت نے ایڈہاک ملازمین کو خلاف میرٹ مستقل کر کے اور اپنے ممبران کو کروڑوں کے فنڈز دے کر پری پول دھاندلی کی بنیاد رکھ دی ہے۔پی ٹی آئی آزاد جموں کشمیر اقتدار میں آکر بلاتفریق احتساب کرے گی ہم مسلم لیگ ن کے دور کی کرپشن کا حساب لیں گے۔پی آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی آزاد کشمیر وکشمیر بھاری اکثریت سے انتخابات جیت کر عوامی طاقت سے اقتدار میں آئے گی اور عمران خان کے ویژن کوپورے شدومد سے عملی جامہ پہنائے گی۔پی ٹی آئی آزاد جموں کشمیر اقتدار میں آکر عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائے گی۔ پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اسی وجہ سے وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کے ترقیاتی فنڈز کو دوگنا کر دیا ہے اس کے برعکس جب میں آزاد کشمیر کا وزیراعظم تھا تو اس وقت کے وزیراعظم میاں نواز شریف نے آزاد کشمیر کا ترقیاتی فنڈ آدھا کر دیا تھا۔۔۔۔

close