وہی ہوا جس کا خدشہ تھا، اوگرا نے پاکستانیوں پر بجلیاں گرادیں

اسلام آباد(آئی این پی)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے جون کے مہینے کے لیے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 8روپے 4پیسے کا اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد ایل پی جی کا 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 94روپے 89پیسے مہنگا ہوگیا،اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1667روپے 29پیسے ہوگئی، جب کہ مئی میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 1572روپے 40پیسے کا تھا، نئی قیمتوں کا اطلاق جون 2021کے لیے ہوگا،ادھر صدر کراچی ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عمران فاروقی نے کہا ہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں اچانک 30روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے ملک میں ایک بار پھر ایل پی جی کا مصنوعی بحران پیدا کیا جا رہا ہے،عمران فاروقی کا کہنا تھا ایل پی جی صنعت پر کچھ افراد کی اجارہ داری قائم ہے، ملک میں گیس کی کوئی قلت نہیں، موسم گرما میں گیس کی قلت کا کوئی جواز نہیں، اوگرا، وزارت پیٹرولیم سمیت دیگر ادارے صورت حال کا فوری نوٹس لیں،چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہور عرفان کھوکھر نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ اگر ٹیکس لگایا گیا اور ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 30جون کو ملک بھر میں ہڑتال کریں گے،ان کا کہنا تھا زمینی راستے سے آنے والی ایل پی جی پر ریگولیٹری ڈیوٹی لگا دی گئی ہے جب کہ دوسری طرف ایل این جی کی امپورٹ پر اربوں روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے، ایل این جی کی طرح ایل پی جی پر لگے تمام ٹیکس کا خاتمہ کیا جائے۔

close