پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی حجم بلند سطح پر پہنچ گیا

لکسمبرگ (آن لائن )رواں مالی سال کے 10ماہ جولائی 2020 سے لے کر اپریل 2021 تک پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان مجموعی تجارتی حجم 8 ہزار 928 ملین ڈالر تک جا پہنچا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ اعداد و شمار بیلجیئم لکسمبرگ اور یورپین یونین کے لیے سفیر پاکستان ظہیر اے جنجوعہ نے بتائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس عرصے کے دوران 5 ہزار 769 ملین ڈالر کی مصنوعات یورپ کو فروخت کیں جبکہ یورپ کی جانب پاکستان کو بیچی جانے والی مصنوعات کا حجم 3 ہزار 159 ملین ڈالر رہا۔اس طرح دیکھا جائے تو اس وقت تجارتی توازن پاکستان کے حق میں ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ یورپین یونین اور پاکستان کے درمیان تجارت کسی ایک کے لیے نہیں بلکہ دونوں فریقین کے لیے فائدہ مند ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان اپنی مصنوعات فروخت کرتا ہے تو اس کے لیے اسے جو مشینری یا خام مال درکار ہوتا ہے وہ اسے یورپ سے خرید کرتا ہے، اس طرح یہ دونوں فریقین کے لیے مثبت تعلقات کا ایک اہم حصہ ہے۔اسی دوران سفیر پاکستان نے بیلجیم اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ باہمی تجارت کے اعداد و شمار بھی جاری کیے۔ان اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2020 سے لے کر اپریل 2021 تک بیلجیئم کو پاکستانی برآمدات 523 ملین ڈالر رہیں جبکہ اس کی امپورٹ کا یہاں سے حجم 283 ملین ڈالر رہا۔پاکستان نے زیادہ تر ٹیکسٹائل اور اس کی الائیڈ مصنوعات فروخت کیں جبکہ بیلجیئم سے کپڑا بنانے والی مشینری، پٹرولیم اور اس سے بنی ہوئی مصنوعات، زرعی مشینری، ادویات، اسکریپ اور مختلف طرح کے پولیمرز خریدے۔دوسری جانب پاک بینیلکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران نے ان اعداد و شمار کو مثبت قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ پاکستان کے کاروباری طبقے کی شمولیت کے ذریعے پاکستان کی ایکسپورٹس کے قابل اشیائ￿ کی فہرست میں اضافہ انتہائی ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کام کے لیے حکومت، ریسرچ کے ادارے اور پاکستان کے کاروباری طبقے کو باہم ملکر کام کرنا ہوگا، ورنہ ایک ہی طرح کی صنعت پر انحصار اس کے مالیاتی مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہے گا۔

close