بڑا سائبر حملہ, آن لائن خدمات عارضی طور پر بند

لندن: برطانوی حکومت نے ملک کے محکمہ برائے کام اور پنشن پر سائبر حملے کی تصدیق کردی ہے، جس کے نتیجے میں پنشن اور سرکاری فلاحی فوائد سے متعلق متعدد آن لائن خدمات عارضی طور پر بند کرنا پڑیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس اور برطانوی میڈیا کے مطابق سائبر حملے کی کوشش جمعرات کی رات سامنے آئی، جس کے بعد حکام نے احتیاطی تدابیر کے طور پر مختلف آن لائن سسٹمز کو آف لائن کردیا۔

متاثرہ خدمات میں اسٹیٹ پنشن، یونیورسل کریڈٹ اور معذور افراد کے لیے مالی معاونت کی درخواستوں سے متعلق پورٹلز بھی شامل ہیں۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر کے ماہرین کے ساتھ مل کر واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی طور پر شہریوں کی ذاتی معلومات چوری ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔