ویمن یونیورسٹی ملتان کے آٹھویں کانووکیشن کے موقع پر طلباء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ آپ سب سے ملنے کے لیے بے حد پُرجوش تھی، بچوں کی تعلیم کے لیے والدین بے حد قربانیاں دیتے ہیں، بیٹیاں ڈاکٹر، انجینئر، کاروباری شخصیت، رکن اسمبلی اور وزیر اعلیٰ بھی بن سکتی ہیں، کل کی کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور وزیر اعلیٰ بھی یہیں سے نکلیں گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ذہنوں کو کھلا رکھیں اور خود کو ہرگز کمتر نہ سمجھیں، عورت گھر کے ساتھ ملک اور صوبہ بھی چلا سکتی ہے، صرف گھر نہیں بیٹھنا، اپنی صلاحیتوں کو ملکی ترقی کے لیے بروئے کار لانا ہے، اچھا استاد کتاب کھولتا ہے جبکہ عظیم استاد ذہن کھولتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی معاشی خود مختاری ہی حقیقی بااختیاری کی مضبوط بنیاد ہے، خواتین آبادی کا 51 فیصد ہیں، ان کی شمولیت کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں، میں نے خود بھی ہراسانی کا سامنا کیا ہے، تین سال قبل کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ پنجاب ایک خاتون چلائے گی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم بچیوں تک سکالرشپ پہنچائیں گے، خواتین کو ہراسانی، تشدد اور امتیازی سلوک سے مکمل تحفظ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، ، ملتان یونیورسٹی کی 1600 طالبات کو تعلیمی اسکالرشپ فراہم کیا جا رہا ہے۔




