آسان ٹیکس سکیم: ملک بھر میں بازاروں اور دکانوں کی میپنگ جمعہ سے شروع کرنے کا فیصلہ، بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت اجلاس

اسلام آباد، یکم اکتوبر 2026: وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت دکانداروں کے لیے آسان ٹیکس سکیم پر عمل درآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف بی آر افسران تاجر نمائندوں کے ساتھ مل کر جمعہ سے ملک بھر میں بازاروں اور دکانوں کی میپنگ شروع کریں گے۔

بلال اظہر کیانی نے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ تاجر نمائندوں کے ہمراہ یومیہ شیڈول کے مطابق بازاروں کے دورے کیے جائیں اور ہر دکان کی میپنگ یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کے دوران دکانداروں کو آسان ٹیکس سکیم سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ تاجروں کی نشاندہی اور شکایات پر ٹیکس ریٹرن میں ’’دیگر آمدن‘‘ کے کالم سے متعلق تکنیکی مسئلہ حل کر دیا گیا ہے۔

وزیر مملکت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دکانداروں کو ان کی مرضی اور مشاورت سے سکیم دی گئی ہے، اس لیے اب ٹیکس ریٹرن جمع نہ کرانے کا کوئی جواز نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ سکیم کے تحت جرمانے بھی دکانداروں کی مشاورت سے مقرر کیے گئے ہیں۔

بلال اظہر کیانی نے دکانداروں پر زور دیا کہ وہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں 15 دن کی توسیع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے بتایا کہ مقررہ مہلت گزرنے کے بعد ریٹرن جمع نہ کرانے والے دکاندار کو پہلے مہینے میں 10 ہزار روپے، دوسرے مہینے میں 25 ہزار روپے اور تیسرے مہینے میں 50 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

اجلاس میں آسان ٹیکس سکیم پر عمل درآمد اور اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس حوالے سے جائزہ اجلاسوں کا سلسلہ جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں تاجر رہنماؤں اجمل بلوچ، کاشف چوہدری اور حبیب فخرالدین کے علاوہ ممبر سٹریٹیجک ٹرانسفارمیشن ڈاکٹر حامد عتیق، ممبر اِن لینڈ ریونیو آپریشنز زبیر بلال اور ایف بی آر کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ملک بھر کے چیف کمشنرز اور کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔