6 ہفتوں کے لیے تعمیرات پر مکمل پابندی!

نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے 6 ہفتوں کے لیے تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی۔

تعمیراتی سرگرمیوں پر یہ پابندی 10 دسمبر سے 20 جنوری تک ’موسمِ سرما کے ایکشن پلان‘ کے حصے کے طور پر نافذ رہے گی۔ اس منصوبے میں گاڑیوں کی آمدورفت پر بھی پابندیاں شامل ہوں گی، جن کا مقصد شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کی ترغیب دینا ہے۔

دہلی کے وزیرِ ماحولیات منجندر سنگھ سرسا کا کہنا ہے کہ ان سخت اقدامات کا جلد نفاذ موسمِ سرما کے دوران شہر کی ہوا کو خطرناک حد تک آلودہ ہونے سے روکنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

پرائیویٹ گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے یکم نومبر سے پارکنگ فیس بھی دوگنی کردی جائے گی۔

عرب میڈیا کے مطابق موسمِ سرما میں دہلی میں فضائی آلودگی اکثر خطرناک سطح تک پہنچ جاتی ہے کیونکہ ٹھنڈی ہوا آلودہ ذرات کو زمین کے قریب ہی محصور کردیتی ہے۔

تحقیق کے مطابق 2009 اور 2019 کے درمیان بھارت میں ہونے والی 38 لاکھ (3.8 ملین) اموات کا تعلق فضائی آلودگی سے تھا۔

رپورٹ کے مطابق 3 کروڑ کی آبادی والے شہر دہلی میں پاور پلانٹس کے اخراج، بھاری ٹریفک، تعمیراتی سرگرمیوں اور فصلوں کی باقیات جلانے جیسے عوامل کے امتزاج کے باعث یہ شہر دنیا کے سب سے زیادہ آلودہ دارالحکومتوں میں شمار ہوتا ہے۔