16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد

لاہور: 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کرنے کی درخواست پر اعتراضات کے خلاف اپیل دائر کردی گئی۔

ایڈووکیٹ شیراز ذکاء نے رجسٹرار آئینی عدالت کے فیصلے کے خلاف وفاقی آئینی عدالت لاہور رجسٹری میں اپیل دائر کی، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ رجسٹرار نے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی درخواست 5 اعتراضات عائد کرکے واپس کردی۔

اپیل میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرار کے پاس درخواست کے قابلِ سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں، کیونکہ رجسٹرار کا عہدہ انتظامی نوعیت کا ہے اور وہ عدالتی اختیار استعمال نہیں کرسکتا۔

اپیل کے مطابق رجسٹرار نے قرار دیا کہ کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عوامی مفاد کا معاملہ نہیں، تاہم درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ رجسٹرار کا عدالتی اختیارات استعمال کرنا غیر قانونی ہے۔

درخواست گزار کے مطابق بچوں کی سوشل میڈیا پالیسی کو ریگولیٹ کرنا خالصتاً عوامی مفاد کا معاملہ ہے۔

اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت رجسٹرار کے اعتراضات ختم کرکے درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے۔