*خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 7 دہشتگرد ہلاک*
خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کرتے ہوئے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، کارروائیوں میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے باڑہ میں عزمِ استحکام ویژن کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ کردیے گئے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائی کی گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے نوکچہ میں ایک خالی واٹر باؤزر کو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد این-40 شاہراہ پر آتشزدگی اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ اس سے قبل 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی کارروائیوں میں ملوث 11 دہشتگرد ہلاک کیے گئے تھے۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔





