کراچی کی خداداد کالونی میں سی ٹی ڈی نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا جبکہ چار فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا، جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، تاہم اس کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے چار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ سی آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی فیضی گروپ کے دو اہم اور مطلوب کارندوں کو ہلاک کیا تھا۔ حکام کے مطابق دونوں افراد بھتہ خوری سمیت مختلف جرائم میں مطلوب تھے۔






