بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع کوشامبی میں پٹاخوں کی ایک غیر قانونی فیکٹری میں ہونے والے شدید دھماکے کے نتیجے میں آٹھ بچوں سمیت 11 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ پیر کے روز پیش آیا، جہاں زرعی کھیتوں کے درمیان ایک گھر میں غیر قانونی طور پر پٹاخوں کی فیکٹری چلائی جا رہی تھی۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور تک سنی گئی، جبکہ فیکٹری کی عمارت مکمل طور پر منہدم ہوگئی اور قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔
دھماکے کے بعد فیکٹری میں موجود پٹاخوں میں وقفے وقفے سے مزید دھماکے ہوتے رہے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور آسمان پر دھوئیں کے سیاہ بادل چھا گئے۔
حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے آٹھ بچوں میں سے چار کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ زخمیوں کو فوری طور پر پریاگ راج کے ایس آر این اسپتال اور ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ فیکٹری کا لائسنس 2024 میں ہی منسوخ کیا جا چکا تھا، تاہم اس کے باوجود یونٹ غیر قانونی طور پر چلایا جا رہا تھا۔ پولیس نے فیکٹری مالکان کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا اور ایکسپلوزوز ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے، جبکہ مرکزی ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔





