استنبول میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان قائم دفاعی اتحاد کو باضابطہ طور پر ’مکہ دفاعی اتحاد‘ کا نام دے دیا گیا ہے، جبکہ پہلے تین سال کے لیے سیکریٹری جنرل کا عہدہ پاکستان کو سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اتحاد کا سیکریٹریٹ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم ہوگا۔
اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اجلاس استنبول میں ہوا، جس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اہم حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور اسے ادارہ جاتی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ دفاعی صنعت میں تعاون بڑھانے، مشترکہ دفاعی ٹیکنالوجی کی تیاری اور پیداوار کے لیے مل کر کام کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
تینوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان رابطوں اور ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ اجلاس میں خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے اور تنازعات و بحرانوں کے پرامن حل کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاکستان کو اتحاد کے پہلے تین سال کے لیے سیکریٹری جنرل کا عہدہ ملنا ملک کے لیے ایک اہم سفارتی اور دفاعی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔






