پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مکہ دفاعی معاہدے کا پہلا اجلاس استنبول میں طلب

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلا اجلاس آج استنبول میں ہوگا، جس کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ترکیہ پہنچ گئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق استنبول میں ہونے والے اجلاس میں دفاعی معاہدے کے خدوخال اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

اسحاق ڈار کی استنبول آمد پر ترکیہ کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف برائے انتظامی امور بریگیڈیئر جنرل شنول وارول، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید، ترک وزارت خارجہ کے سفیر جیہاد ایرگینے اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔

استنبول پہنچنے کے بعد نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے حضرت ابو ایوب انصاریؓ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے پاکستان اور پاکستانی عوام کی سلامتی، امن و خوشحالی کے لیے دعا کی جبکہ امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے بھی خصوصی دعا کی۔

ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اپنے سرکاری دورے کے دوران اہم ملاقاتیں اور دیگر سرکاری مصروفیات انجام دیں گے۔