افسوسناک خبر ، 270 مسافروں سے بھری کشتی اُلٹ گئی

شمالی قبرص کے ساحل کے قریب تقریباً 270 افراد کو لے جانے والی ایک مسافر فیری سمندر میں الٹ گئی، جس کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق فیری اتوار کی دوپہر کیرینیا سے ترکیہ کے صوبے مرسین کے علاقے تاشوچو کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ روانگی کے کچھ دیر بعد کیرینیا کے ساحل سے تقریباً دو کلومیٹر دور کشتی میں پانی بھرنا شروع ہوگیا، جس کے باعث وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکی اور سمندر میں الٹ گئی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ترک قبرصی کوسٹ گارڈز کے جہاز اور ریسکیو ہیلی کاپٹر جائے حادثہ کی جانب روانہ کیے گئے۔ مقامی شہریوں نے بھی اپنی کشتیاں امدادی کارروائیوں میں شامل کر دیں۔

کیرینیا کے میئر مرات سینکل کے مطابق فیری پر سوار 258 افراد میں سے 159 کو تلاش کرلیا گیا ہے، جبکہ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔ بندرگاہ پر ایمبولینسز کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ ریسکیو کیے جانے والے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے۔

شمالی قبرص خود کو ’’ترک جمہوریہ شمالی قبرص‘‘ کے نام سے ایک آزاد ریاست قرار دیتا ہے، تاہم اسے عالمی سطح پر تسلیم نہیں کیا جاتا۔ ترکیہ واحد ملک ہے جو شمالی قبرص کو ایک آزاد ریاست تسلیم کرتا ہے۔