ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے سابق بھارتی سی ڈی ایف کے کیرانہ پہاڑوں سے متعلق دعوے مسترد

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے سابق بھارتی سی ڈی ایف کے کیرانہ پہاڑوں سے متعلق دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ حقائق سے بنتی ہے، بالی ووڈ انداز کے بیانیے سے نہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ لڑائی کے بعد جو مکا یاد آئے، وہ اپنے ہی منہ پر مار لینا چاہیے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران طاہر اندرابی نے کہا کہ آر ایس ایس ہمیشہ پاکستان مخالف اقدامات میں ملوث رہی ہے اور مسلمانوں و پاکستان کے خلاف تشدد اور نفرت پھیلانے میں اس کا کردار رہا ہے۔ موہن بھاگوت کے دورہ امریکا سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ بھارت اور آر ایس ایس کا باہمی معاملہ ہے، پاکستان اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر توڑ پھوڑ کے واقعے پر ویانا کنونشن کے تحت احتجاج کیا گیا۔ اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں تجاوزات کے خلاف کارروائی سے تمام ممالک کے سفارتی مشنز کو اجلاس میں آگاہ کیا گیا تھا، اس لیے اسے نئی دہلی میں بغیر نوٹس کی گئی کارروائی سے نہیں جوڑا جاسکتا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان 2027 میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ 31 اگست کو بشکیک میں ایس سی او سربراہ اجلاس ہوگا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور مختلف رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

طاہر اندرابی نے مزید کہا کہ شام کے وزیر خارجہ نے 19 برس بعد پاکستان کا دورہ کیا۔ پاکستان شام کی آزادی، علاقائی سلامتی اور خودمختاری کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 22 اگست کو 11 مسلم ممالک نے شام پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی، جبکہ فضائی اڈے پر اسرائیلی حملہ شام کی خودمختاری کی خلاف ورزی تھا۔