ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی سہولت کے لیے نیا ڈیجیٹل نظام، ای پنشن پورٹل متعارف کرا دیا گیا ہے۔
حکومت اور اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو (AGPR) نے پنشن کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے یہ پورٹل متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد پنشن کے معاملات کو مہینوں کے بجائے کم وقت میں مکمل کرنا اور بزرگ پنشنرز کو دفاتر کے بار بار چکر لگانے سے نجات دلانا ہے۔
نئے نظام کے تحت پنشنرز گھر بیٹھے اپنے پنشن کیس کی موجودہ صورتحال آن لائن دیکھ سکیں گے اور معلوم کرسکیں گے کہ ان کی فائل کس مرحلے میں ہے۔
پنشن کی رقم نیشنل بینک کی کسی مخصوص برانچ کے بجائے پنشنر کے کسی بھی کمرشل بینک اکاؤنٹ میں براہ راست منتقل کی جاسکے گی۔
پنشنرز کے لیے لائف سرٹیفکیٹ کے روایتی طریقہ کار کی جگہ بائیو میٹرک تصدیق متعارف کرائی گئی ہے۔ پنشنر ہر چھ ماہ بعد قریبی بینک برانچ یا بائیو میٹرک سہولت رکھنے والے اے ٹی ایم پر انگوٹھے کی تصدیق کراسکیں گے۔
حکومت مستقبل میں ایسی موبائل ایپلی کیشنز متعارف کرانے پر بھی کام کر رہی ہے جن کے ذریعے پنشنرز موبائل کیمرے کی مدد سے گھر بیٹھے اپنی شناخت کی تصدیق کرسکیں گے۔
اگر کوئی پنشنر مقررہ مدت کے اندر بائیو میٹرک تصدیق مکمل نہیں کرتا تو پنشن اکاؤنٹ عارضی طور پر بلاک کیا جاسکتا ہے، جسے تصدیق مکمل ہونے کے بعد بحال کیا جاسکے گا۔
ای پنشن پورٹل میں رجسٹریشن کے لیے ملازم کو ریٹائرمنٹ سے قبل اپنے متعلقہ محکمے کے ذریعے اپنا ڈیٹا پورٹل پر اپ لوڈ کرانا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC)، ذاتی فون نمبر اور فعال موبائل نمبر درکار ہوگا۔
ڈیٹا انٹری مکمل ہونے کے بعد ملازم کو ایک منفرد پنشن آئی ڈی جاری کی جائے گی، جس کے ذریعے پنشن سے متعلق معاملات کو ڈیجیٹل نظام کے تحت ٹریک کیا جاسکے گا۔





