پاکستان کی خوشحالی کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال قربانیوں اور قائداعظم محمد علی جناح کی عظیم قیادت کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے، جن کی جدوجہد کے نتیجے میں ایک آزاد وطن کا حصول ممکن ہوا۔

اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 14 اگست ہمیں آزادی جیسی عظیم اور انمول نعمت کی قدر و اہمیت اور اپنے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان کی خودمختاری، سلامتی، جمہوریت اور خوشحالی کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے افکار و تعلیمات، بالخصوص اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصول آج بھی ہماری قومی رہنمائی کا اہم ذریعہ ہیں۔ قومی یکجہتی، سیاسی استحکام، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور باہمی احترام ملک کی ترقی و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔

چیئرمین سینیٹ نے وطنِ عزیز کے دفاع، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملک میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان جمہوریت کے استحکام، آئین کی سربلندی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں جاری رکھے گی۔

سید یوسف رضا گیلانی نے قوم پر زور دیا کہ باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے اور قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ایک مضبوط، پُرامن، خوشحال، ترقی یافتہ اور جمہوری پاکستان کی تعمیر کے عزم کی تجدید کی جائے۔

چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی اور قوم کے اتحاد و یکجہتی کے تسلسل کے لیے دعا بھی کی۔

پاکستان زندہ باد!