مظفرآباد (آئی این پی): آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں 27 جولائی (پیر) کو میرپور ڈویژن میں پولنگ ہوگی، جبکہ حکومت آزاد کشمیر نے الیکشن کمیشن کی سفارش پر میرپور ڈویژن میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عام تعطیل کا فیصلہ ووٹروں کو سہولت فراہم کرنے اور انتخابی عمل کے پرامن و منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ یہ تعطیل صرف میرپور ڈویژن تک محدود ہوگی، جبکہ آزاد کشمیر کے دیگر ڈویژنز میں معمول کے مطابق سرکاری امور جاری رہیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق میرپور ڈویژن میں 14 لاکھ 437 رجسٹرڈ ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 7 لاکھ 24 ہزار 811 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ پولنگ کے لیے 2 ہزار 316 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 1 ہزار 241 انتہائی حساس، 724 حساس اور 351 نارمل قرار دیے گئے ہیں۔
میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں مجموعی طور پر 288 امیدوار مدمقابل ہیں، جبکہ ایل اے 3 میرپور سٹی سے سب سے زیادہ 34 امیدوار انتخاب لڑ رہے ہیں۔
انتخابی سکیورٹی کے لیے ڈویژن بھر میں 13 زونز اور 205 سیکٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ پولیس، سول آرمڈ فورسز اور پاک فوج پر مشتمل تین سطحی سکیورٹی نظام تشکیل دیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 18 ہزار 560 اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جن میں ضلع میرپور کے لیے 5 ہزار 536، بھمبر کے لیے 4 ہزار 504 اور کوٹلی کے لیے 8 ہزار 520 اہلکار شامل ہیں، جبکہ پاک فوج کے 2 ہزار 100 جوان بھی سکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔
میرپور ڈویژن کے حلقہ ایل اے 7 بھمبر شہر میں سب سے زیادہ ایک لاکھ 29 ہزار سے زائد ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جبکہ ایل اے 10 کوٹلی شہر میں ووٹروں کی تعداد تقریباً 87 ہزار ہے۔
سیاسی منظرنامے میں 10 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان کانٹے دار مقابلے متوقع ہیں، جبکہ دیگر نشستوں پر مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی، مسلم کانفرنس اور آزاد امیدواروں کے درمیان سخت انتخابی مقابلہ ہوگا۔
انتخابی میدان میں سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق، پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق سمیت متعدد اہم سیاسی شخصیات بھی حصہ لے رہی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






