پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے جولائی کی تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن کی قبل از وقت ادائیگی کی منظوری دے دی۔
محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جولائی کی تنخواہیں اور پنشن 31 جولائی 2026 کو ادا کی جائیں گی، جبکہ معمول کے مطابق ادائیگی یکم اگست کو ہونا تھی۔
محکمہ خزانہ کے مطابق یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کیونکہ یکم اور 2 اگست کو ہفتہ اور اتوار ہیں، جو سرکاری تعطیلات ہیں۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر خان نے پنجاب فنانشل رولز کے تحت قبل از وقت ادائیگی کی منظوری دی ہے۔
نوٹیفکیشن اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب، تمام ٹریژری افسران، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسران، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور کمرشل بینکوں کو ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔
اس فیصلے کے تحت پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو ہفتہ وار تعطیلات سے قبل اپنی تنخواہیں اور پنشن وصول ہو سکے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






