//

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف حکام سے ملاقاتیں، معاشی اصلاحات اور پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کی اعلیٰ انتظامیہ سے ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کی معاشی صورتحال، جاری اصلاحاتی پروگرام اور مستقبل کے اقتصادی اہداف پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے مختلف اعلیٰ حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ڈین کٹز، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نائجل کلارک، مشرق وسطیٰ و وسطی ایشیا کے شعبے کے ڈائریکٹر جہاد ازور اور پاکستان کے لیے مشن چیف ایوا پیٹرووا شامل تھے۔

ملاقاتوں کے دوران پاکستان کے لیے جاری ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF)، ریزیلیئنس اینڈ سسٹینبیلٹی فیسلٹی (RSF) اور آئی ایم ایف پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف حکام کو پاکستان کی معاشی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مالیاتی شعبے میں بہتری، بیرونی شعبے میں استحکام، محصولات کے اہداف، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، ترسیلات زر میں بہتری اور کرنٹ اکاؤنٹ کی مثبت صورتحال نمایاں پیش رفت ہے۔

ملاقاتوں میں ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے کی بہتری، نجکاری، ٹیرف اصلاحات، قرضوں کے بہتر انتظام، مالیاتی ذرائع میں وسعت اور عالمی کیپٹل مارکیٹوں میں پاکستان کی واپسی سمیت مختلف اہم معاشی امور پر گفتگو ہوئی۔

فریقین نے انسانی سرمائے کی ترقی، خواتین کی معاشی شمولیت، آبادی سے متعلق چیلنجز، ٹیکنالوجی پر مبنی اقتصادی ترقی اور نجی شعبے کے ذریعے برآمدات میں اضافے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف انتظامیہ کا پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے اور پروگرام پر عملدرآمد کے اعتراف پر شکریہ ادا کیا اور حکومت کے مالیاتی نظم و ضبط، پالیسیوں کے تسلسل، ساختی اصلاحات اور طویل المدتی معاشی بہتری کے عزم کا اعادہ کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close