ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر دھماکے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گیا، جبکہ دو دیگر بحری جہازوں نے فوری طور پر اپنا راستہ تبدیل کر لیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آئل ٹینکر عمان کے ساحل کے قریب آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسی دوران دھماکا ہوا اور جہاز میں آگ لگ گئی۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ تینوں بحری جہاز امریکی ہدایات پر عمل کر رہے تھے اور انہوں نے آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں موجود مبینہ بارودی سرنگوں والے راستے سے گزرنے کی کوشش کی۔
پاسداران انقلاب نے کہا کہ آبنائے ہرمز ایران کے کنٹرول میں ہے اور اگر امریکا خطے میں اپنی کارروائیاں جاری رکھتا ہے تو یہ آبی گزرگاہ بند رہے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کے ساتھ رابطے اور ہم آہنگی کے بغیر اس راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے بحری جہازوں کو بھی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایرانی حکام کے اس بیان کے بعد آبنائے ہرمز کی صورتحال اور عالمی تیل کی ترسیل سے متعلق خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






