اسلام آباد (آئی این پی): ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی شازیہ مری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں بلاول بھٹو زرداری کی بھرپور انتخابی مہم سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، عوام کے ووٹ کی طاقت سے ہر قسم کے ہتھکنڈے ناکام ہوں گے اور انتخابی شیڈول چاہے جیسا بھی ہو، کامیابی پاکستان پیپلز پارٹی کی ہوگی۔
شازیہ مری نے اپنے بیان میں کہا کہ انتخابی شیڈول میں تبدیلی جیسے اقدامات عوامی حمایت کا راستہ نہیں روک سکتے۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور کشمیر کے عوام پارٹی کے منشور اور قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر دوٹوک اور واضح مؤقف اختیار کیا ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
ترجمان پیپلز پارٹی نے وفاقی وزرا کے غیر محتاط بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات سیاسی کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی مفاد اور مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
شازیہ مری نے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات شفاف، آزاد اور غیر جانبدار ماحول میں کرانا ہی جمہوریت کا بنیادی تقاضا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






