//

پالیسیاں سخت , یوٹیوب نے اے آئی ویڈیوز کے حوالے سے بڑا قدم اٹھا لیا

یوٹیوب نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سے تیار کردہ ویڈیوز کے حوالے سے اپنی پالیسیوں کو مزید واضح اور سخت کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد غیر معیاری، اسپام اور نقصان دہ اے آئی ویڈیوز کی حوصلہ شکنی کرنا اور ایسے مواد سے آمدنی حاصل کرنے کے امکانات کو محدود کرنا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ پالیسیاں مکمل طور پر نئی نہیں ہیں، بلکہ موجودہ قواعد کو زیادہ واضح انداز میں بیان کیا گیا ہے تاکہ تخلیق کاروں کو بہتر رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

نئی وضاحت کے تحت ایسے اے آئی مواد پر خاص توجہ دی جائے گی جس میں ایک ہی چیز کو بار بار دہرایا جاتا ہو یا ایسا غیر معیاری مواد شامل ہو جو صارفین کے لیے کم فائدہ مند ہو۔ اس قسم کی کچھ ویڈیوز پلیٹ فارم پر موجود رہ سکتی ہیں، تاہم انہیں مونیٹائز نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی انہیں وسیع پیمانے پر تجویز (ریکمینڈ) کیا جائے گا۔

یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد مفید اور معیاری اے آئی مواد کو اسپام پر مبنی ویڈیوز سے الگ کرنا ہے۔ اسپام سے مراد ایسا مواد ہے جس میں معیار یا مقصد کا خیال رکھے بغیر بڑی تعداد میں ویڈیوز اپ لوڈ کی جاتی ہیں۔

کمپنی نے واضح کیا کہ اے آئی ٹولز کا استعمال قابل قبول ہے، تاہم تخلیق کاروں کو چاہیے کہ وہ اپنی ویڈیوز میں اصل، تخلیقی اور انسانی انداز کا مواد بھی شامل کریں تاکہ ناظرین کو بہتر تجربہ فراہم کیا جا سکے۔

یوٹیوب کے مطابق حالیہ اپ ڈیٹ کا بنیادی مقصد موجودہ پالیسیوں کی بہتر وضاحت کرنا ہے تاکہ صارفین کو اچانک کسی سخت کارروائی یا کریک ڈاؤن کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close