//

حکومت نے بیرون ملک جانے والوں کو خبردار کر دیا

بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے حکومت کا فراڈ سے متعلق اہم انتباہ

حکومتِ پاکستان نے بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند شہریوں کے لیے اہم ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے نوکری اور ورک ویزا کے نام پر ہونے والے فراڈ سے خبردار کیا ہے۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے جاری آگاہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ بعض عناصر جعلی ورک ویزا، فرضی ملازمتوں اور جھوٹے وعدوں کے ذریعے شہریوں سے لاکھوں روپے وصول کر رہے ہیں، لہٰذا کسی بھی ایجنٹ کی زبانی یقین دہانی پر رقم ادا کرنے سے گریز کیا جائے۔

بیورو نے واضح کیا ہے کہ ٹریول ایجنسیوں کا دائرہ کار صرف فضائی ٹکٹوں اور ہوٹل بکنگ تک محدود ہے، جبکہ بیرونِ ملک ملازمت فراہم کرنا یا ورک ویزا کا انتظام کرنا ان کے قانونی اختیارات میں شامل نہیں۔ اس لیے روزگار کی تلاش میں موجود افراد صرف حکومت سے لائسنس یافتہ ریکروٹنگ ایجنسیوں اور بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے فارن جابز پورٹل کے ذریعے ہی ملازمت کے مواقع کی تصدیق کریں۔

حکام کے مطابق سرکاری طریقہ کار اختیار کرنے سے جعلی بھرتیوں اور مالی فراڈ سے بچا جا سکتا ہے۔ اگر کوئی غیر قانونی ایجنسی یا فرد ملازمت یا ورک ویزا کے نام پر رقم طلب کرے تو اس کی فوری اطلاع وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو دی جائے تاکہ متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔

بیورو نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی محنت کی کمائی کسی غیر مصدقہ ایجنٹ یا درمیانی شخص کے حوالے نہ کریں اور بیرونِ ملک روزگار کے لیے ہمیشہ سرکاری اور قانونی ذرائع سے ہی رجوع کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close