آئی سی سی نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فارمیٹس میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری دے دی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز ون ڈے ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فارمیٹس میں اہم تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے، جن کا مقصد ہر مرحلے پر مقابلوں کو زیادہ دلچسپ، مسابقتی اور بامعنی بنانا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق 14 ٹیموں پر مشتمل مینز ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے تین مرحلوں پر مبنی نیا فارمیٹ متعارف کرایا گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت ٹورنامنٹ کے آغاز میں عالمی رینکنگ میں 12ویں، 13ویں اور 14ویں نمبر پر موجود ٹیموں کے درمیان سپر سیریز کھیلی جائے گی، جس کی فاتح ٹیم اگلے مرحلے میں جگہ بنائے گی۔
اس کے بعد دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جن میں ہر گروپ میں چھ، چھ ٹیمیں شامل ہوں گی۔ گروپ مرحلے کے اختتام پر دونوں گروپس کی ٹاپ تین، تین ٹیمیں اور بہترین ریکارڈ رکھنے والی ایک اضافی ٹیم سپر 7 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔
سپر 7 مرحلے میں ساتوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست چار ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی، جبکہ سیمی فائنل کی فاتح ٹیمیں ٹائٹل کے لیے فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اس نئے فارمیٹ کا مقصد ٹورنامنٹ کے پہلے ہی میچ سے ہر مقابلے کی اہمیت بڑھانا اور ٹیموں کے درمیان سخت مسابقت کو فروغ دینا ہے۔
دوسری جانب 20 ٹیموں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی بڑی تبدیلی کی منظوری دی گئی ہے، جس کے تحت سپر 8 مرحلے کی جگہ سپر 10 متعارف کرایا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں پانچ گروپس ہوں گے، جن میں ہر گروپ کی چار، چار ٹیمیں شامل ہوں گی۔ ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچیں گی، جہاں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں سپر 10 مرحلے کا حصہ بنیں گی۔
نئے فارمیٹ کے مطابق سپر 10 کے دونوں گروپس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں براہ راست سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کے درمیان پہلی مرتبہ ایلیمینیٹر میچز کھیلے جائیں گے، جن کی فاتح ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
آئی سی سی نے اس کے علاوہ ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے 16 ٹیموں پر مشتمل عالمی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی اصولی منظوری بھی دی ہے، جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل منعقد کیا جائے گا، جبکہ اس کی حتمی منظوری نومبر میں متوقع ہے۔
مزید برآں، آئی سی سی بورڈ نے 2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے نئے کوالیفکیشن نظام کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت 2026 کے ورلڈ کپ میں براہ راست جگہ حاصل نہ کرنے والی ٹیمیں گلوبل کوالیفائر میں شرکت کریں گی، جبکہ افریقہ، ایشیا، یورپ، امریکا اور ایسٹ ایشیا پیسیفک کے ریجنل کوالیفائرز کے ذریعے بھی ٹیمیں عالمی ایونٹ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






